Aaj News

ہفتہ, مئ 18, 2024  
09 Dhul-Qadah 1445  

تیرہویں ساؤتھ ایشین گیمز میں میڈلز جیتنے والے کھلاڑیوں میں انعامات کی تقسیم

شائع 27 اپريل 2020 05:07pm

اسلام آباد: پاکستان اسپورٹس بورڈ کی طرف سے 13 ویں ساؤتھ ایشین گیمز میں پاکستان کیلئے میڈ لز جیتنے والے کھلاڑیوں میں انعامات کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے۔

پیر کو وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے پاکستان کیلئے متعدد میڈلز جیتنے والے تائیکوانڈو اور اسکواش ٹیم کے کھلاڑیوں میں انعامی رقم تقسیم کی۔

کرونا وائرس کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کے تحت وزات بین الصوبائی رابطہ میں ہونے والی سادہ تقریب میں گیمزکے گولڈ میڈ لسٹ کھلاڑیوں کو فی کس ایک ملین،سلور میڈلسٹ کو 5لاکھ جبکہ برونز میڈلسٹ کھلاڑیوں میں ڈھائی لاکھ فی کس کے حساب سے تقسیم کیے گئے۔

تقریب میں اسکواش کی مقدس اشرف کو سلور میڈل جیتنے پر 5لاکھ کی انعامی رقم دی گئی۔ اسکواش کی مدینہ ظفر، فائزہ ظفر اور آمنہ فیاض کے انعامی چیک سکواش فیڈ ریشن کے حوالے کیے گئے۔

تقریب میں پاکستان تائیکوانڈو فیڈ ریشن کے سیکرٹری کرنل وسیم احمد اور سکواش فیڈریشن کے سیکرٹری ونگ کمانڈر طاہر سلطان اور پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈپٹی ڈی جی ایڈمن اعظم ڈار بھی موجود تھے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کھلاڑیوں کے مسائل سے آگاہ ہے،وسائل میں کمی کے باوجود حکومت کھلاڑیوں کے مسائل حل کرنے اور کھیلوں کی ترقی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

سائوتھ ایشین گیمز میں تائیکوانڈو ٹیم نے وسائل کی کمی کے باوجود بہترین کاکردگی دیکھائی، اسکواش اور ریسلنگ میں بھی ہمارے کھلاڑیوں کی کاکردگی شاندار رہی۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزارت معاشی طور پر کھلاڑیوں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے کردار ادا کرے گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت پاکستانی کھلاڑیوں کے مسائل سے آگاہ ہے۔ ساؤتھ ایشین گیمز گزشتہ سال نیپال کی میزبانی میں منعقد ہوئے جن میں پاکستان نے کل 133میڈل جیتے جن میں 32گولڈ،41سلور اور60برونز شامل تھے۔

یاد رہے اسپورٹس بورڈ کی طرف سے گزشتہ ہفتے بھی کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے گئے جس میں ریسلنگ اور اسکواش کے 11کھلاڑیوں نے انعامی رقم وصول کی۔